لکی مروت میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن، مطلوب شدت پسند کمانڈر منظور مارا گیا

لکی مروت (پاک ٹوڈے): پولیس اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ آپریشن کے دوران شہریوں پر قاتلانہ حملوں اور دہشت گردی کے مقدمات میں مطلوب مقامی شدت پسند کمانڈر منظور ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز عبدالخیل کے علاقے میں میچ کھیلنے کے بعد رکشے میں واپس جانے والے کھلاڑیوں پر شدت پسندوں نے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں 3 جوان مارے گئے جبکہ 3 زخمی ہوئے تھے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ کی ہدایات پر بھاری پولیس نفری اور سی ٹی ڈی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا۔

پولیس کے مطابق ڈی پی او کی نگرانی میں کئی گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن کے دوران پولیس اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں عبدالخیل کا رہائشی شدت پسند کمانڈر منظور ولد عزت مارا گیا۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے لی۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق ہلاک شدت پسند سی ٹی ڈی بنوں کو سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے دیگر شدت پسندوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ اور کومبنگ آپریشن جاری ہے۔

Related posts

مستونگ: نامعلوم افراد نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کی عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا

شمالی کوریا کی ڈرونز اور میزائلوں کے امتزاج سے ’سوارم حملوں‘ کی مشقیں

عالمی منڈی میں تیل سستا ہوتے ہی عوام کو ریلیف دیں گے، وزیر پیٹرولیم