لوئر جنوبی وزیرستان میں جنگی ہیلی کاپٹروں کی بمباری اور شیلنگ

لوئر جنوبی وزیرستان (پاک ٹوڈے): جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں مقامی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ 10 ستمبر کی رات گئے اور 11 ستمبر کے ابتدائی گھنٹوں کے دوران ثمرباغ اور اس کے گردونواح کے بعض علاقوں میں جنگی ہیلی کاپٹروں سے بمباری اور شیلنگ کی گئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق شینگ اور چینی خوا کے علاقوں میں بھی آپریشن کے دوران دھماکوں اور شیلنگ کی آوازیں سنی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال کارروائی کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی درست اطلاعات سامنے نہیں آسکیں۔

دوسری جانب سیکیورٹی حکام کی جانب سے اب تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کارروائی کا ہدف کون تھا اور کن مقامات کو سرکاری طور پر نشانہ بنایا گیا۔

مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں مسلح افراد کی نقل و حرکت دیکھی گئی ہے، جبکہ بعض مسلح افراد کے دو سرکاری اسکولوں میں قیام کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق مسلح افراد کی مبینہ موجودگی کے باعث ان اسکولوں میں بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں اور تدریسی عمل معطل ہے۔

تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی، جبکہ کارروائی سے متعلق سیکیورٹی حکام کے باضابطہ مؤقف کا انتظار ہے۔

Related posts

صوبوں کے قیام سے متعلق بحث کا اصل فورم پارلیمنٹ ہی ہے، وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری

خیبر میڈیکل کالج پشاور میں افغان میڈیکل طلبہ کے حق میں احتجاج

ضلع بنوں میں پولیو کے ایک نئے کیس کی تصدیق، 8 ماہ کا بچہ متاثر