لاہور (پاک ٹوڈے): لاہور میں پولیس والنٹیئر پروگرام سے وابستہ طلبہ کو نوکری دلوانے کا جھانسہ دے کر مبینہ طور پر رقم وصول کرنے والے ملزم کو پولیس نے اس کی شادی کی تقریب سے گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزم فرحان پولیس والنٹیئر پروگرام کے طلبہ کو ملازمت دلوانے کا لالچ دے کر ان سے رقم وصول کرتا تھا۔ متاثرہ طلبہ نے اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز کو شکایات پیش کیں، جس پر معاملے کی خفیہ انکوائری کروائی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ انکوائری کے دوران شکایات درست ثابت ہونے پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ بعد ازاں تھانہ نشتر کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اس کی شادی کی تقریب سے گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واضح کیا کہ پولیس والنٹیئر پروگرام طلبہ کو رضاکارانہ طور پر پولیس کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے بنایا گیا ہے، اس میں شمولیت کے نام پر کسی قسم کی رقم وصول کرنے کی اجازت نہیں۔
انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ پروگرام میں شمولیت یا ملازمت دلوانے کے نام پر کسی کو رقم ادا نہ کریں اور ایسے افراد سے محتاط رہیں جو اس نوعیت کی پیشکش کرکے پیسوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔
فیصل کامران نے مزید کہا کہ اگر کسی طالب علم سے نوکری یا پولیس والنٹیئر پروگرام میں شمولیت کے نام پر رقم طلب کی جائے تو وہ فوری طور پر پولیس کو اطلاع دے تاکہ ایسے واقعات کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔