اسلام الدین ساجد
اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان کی اپوزیشن کے دو اہم رہنماؤں نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی زندگی، صحت اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ملک کی اعلیٰ عدلیہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے نام مشترکہ خط ارسال کیا ہے، جس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جیل میں طبی صورتحال اور حراستی حالات پر شدید تشویش ظاہر کی گئی ہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ریاستی حراست میں عمران خان کی زندگی اور صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں اور ان کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے واضح احکامات پر تاحال مکمل عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
خط میں سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کا حوالہ دیا گیا ہے، جس کے تحت عمران خان کو دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے، ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کو علاج اور طبی معائنے کے عمل میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
اپوزیشن رہنماؤں کے مطابق، عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے بجائے کسی دوسرے ہسپتال لے جایا گیا، مطلوبہ میڈیکل بورڈ بھی تشکیل نہیں دیا گیا اور ان کے ذاتی معالج کو علاج کے عمل میں مؤثر شرکت کا موقع نہیں دیا گیا۔
خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمران خان کے بلڈ پریشر میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، جبکہ ان کے دل اور دماغ کی صحت سے متعلق بھی خدشات موجود ہیں۔ ان کی دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا ہے۔
دونوں اپوزیشن رہنماؤں نے کہا ہے کہ عمران خان کو طویل عرصے سے تنہائی میں رکھا گیا ہے، اہل خانہ اور وکلا تک ان کی رسائی محدود ہے اور انہیں اپنے بیٹوں سے ٹیلی فونک رابطے کی سہولت سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔
ان کے مطابق، یہ صورتحال سابق وزیراعظم کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے تشویشناک ہے۔
عمران خان کا چیف جسٹس کو خط اور زندگی کو لاحق خطرات سے متعلق انتباہ
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عمران خان بھی اس سے قبل چیف جسٹس کو خط لکھ کر اپنی زندگی کو لاحق خطرات، جیل میں اپنے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک اور بنیادی حقوق سے متعلق تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔
ان کے خط میں جیل کے حالات، طبی سہولیات اور اہل خانہ سے ملاقاتوں کے حوالے سے شکایات کرتے ہوئے عدالتی مداخلت کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔
اپوزیشن رہنماؤں نے اپنے تازہ خط میں بھی ان خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاملہ اب محض سیاسی اختلافات تک محدود نہیں رہا بلکہ انسانی حقوق، قیدیوں کے تحفظ اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کا مسئلہ بن چکا ہے۔
خط میں بشریٰ بی بی کی طبی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ دونوں رہنماؤں کے مطابق، اپریل 2026 میں ان کی بائیں آنکھ کا پیچیدہ آپریشن کیا گیا تھا اور اب انہیں مزید ایک آپریشن کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو ان کے اہل خانہ کی پسند کے ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں کسی خصوصی امراض چشم کے ہسپتال منتقل کیا جائے اور ان کا مکمل طبی ریکارڈ اہل خانہ اور وکلا کو فراہم کیا جائے۔
اعلیٰ عدلیہ کے سامنے آٹھ مطالبات
محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے اپنے خط میں عدالتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ:
1. عمران خان کو 24 گھنٹوں کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے اور میڈیکل بورڈ کی سفارش کے مطابق وہاں رکھا جائے۔
2. ماہرین امراض قلب، امراض چشم، جنرل سرجری اور دیگر متعلقہ شعبوں پر مشتمل میڈیکل بورڈ فوری طور پر تشکیل دیا جائے۔
3. ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کو عمران خان کے علاج اور طبی معائنے کے لیے مکمل رسائی دی جائے۔
4. عمران خان کا مکمل طبی ریکارڈ 24 گھنٹوں کے اندر ان کے اہل خانہ اور وکلا کو فراہم کیا جائے۔
5. ان کی تنہائی ختم کرکے اہل خانہ سے ہفتہ وار ملاقاتیں، بیٹوں سے ٹیلی فونک رابطہ اور وکلا تک بلا رکاوٹ رسائی یقینی بنائی جائے۔
6. بشریٰ بی بی کو دوسرے آپریشن کے لیے خصوصی امراض چشم کے ہسپتال منتقل کیا جائے۔
7. عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے عدالتی افسر یا مقامی کمیشن مقرر کیا جائے، جو سات روز کے اندر اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کرے۔
8. توہین عدالت کی زیر التوا درخواستوں اور دیگر اپیلوں کی فوری سماعت کی جائے اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کے ذمہ دار حکام کا احتساب کیا جائے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ کے بیان کا حوالہ
اپوزیشن رہنماؤں نے اپنے خط میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک کے 19 نومبر 2026 کے بیان کا بھی حوالہ دیا، جس میں انہوں نے عمران خان کی رہائی، ان کے ساتھ مناسب سلوک اور پاکستان میں سیاسی کشیدگی کم کرنے پر زور دیا تھا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی معاہدوں، بالخصوص شہری و سیاسی حقوق کے بین الاقوامی عہدنامے اور تشدد کے خلاف کنونشن کے تحت حراست میں موجود افراد کے انسانی وقار اور بنیادی حقوق کے تحفظ کا پابند ہے۔
دوسری جانب حکومت عمران خان کو مناسب طبی سہولیات فراہم نہ کیے جانے کے الزامات مسترد کرتی رہی ہے۔
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کا ماہر ڈاکٹر باقاعدگی سے طبی معائنہ کرتا ہے اور انہیں علاج سمیت ایسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جو عام قیدیوں کو دستیاب نہیں ہوتیں۔
عدلیہ کے لیے اہم معاملہ
محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے خط کے اختتام پر کہا ہے کہ کسی بھی شہری کی زندگی، صحت اور انسانی وقار کا تحفظ ریاست اور عدلیہ کی آئینی ذمہ داری ہے۔
ان کے مطابق، اگر عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں ہوتا تو اس سے نہ صرف بنیادی انسانی حقوق متاثر ہوتے ہیں بلکہ عدالتی احکامات کی اہمیت اور ریاستی اداروں پر عوام کے اعتماد کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔
یہ تازہ پیش رفت عمران خان کے 16 نومبر کو چیف جسٹسز کے نام لکھے گئے کھلے خط کے چند روز بعد سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے اپنی صحت کی خرابی، طبی سہولیات اور جیل میں تنہائی کا ذکر کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ ان کی عمر 74 برس ہے اور موجودہ حالات انہیں ایسی کیفیت کی طرف لے جا رہے ہیں جہاں سے شاید وہ زندہ واپس نہ آسکیں۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ اعلیٰ عدلیہ اپوزیشن رہنماؤں کے اس مشترکہ خط کو باقاعدہ درخواست کے طور پر قبول کرکے اس پر سماعت کرتی ہے یا نہیں۔