سندھ کی وحدت برقرار رکھنے کے لیے اسد عمر کا سیاسی جماعتوں کو کھلا خط

کراچی (پاک ٹوڈے): سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے سندھ کی تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کے نام کھلا خط لکھتے ہوئے صوبے کی وحدت برقرار رکھنے اور عوام کو بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ آئینی جدوجہد کی دعوت دی ہے۔

اسد عمر نے اپنے خط میں کہا ہے کہ سندھ کی وحدت کے خلاف کوئی اقدام قابل قبول نہیں، تاہم کراچی اور حیدرآباد سمیت صوبے کے دیگر علاقوں کے عوام کو بنیادی سہولیات اور ان کے جائز حقوق سے محروم رکھنا بھی درست نہیں۔ ان کے مطابق کراچی کو طویل عرصے سے نظرانداز کیا جا رہا ہے، جہاں پینے کے پانی، صفائی، ٹرانسپورٹ اور سڑکوں سمیت بنیادی شہری مسائل موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد اور سندھ کے ہر ضلع میں بااختیار مقامی حکومتوں کا نظام ہونا چاہیے، جس کے تحت ترقیاتی اور انتظامی فیصلے مقامی منتخب نمائندے خود کر سکیں اور انہیں صوبائی یا وفاقی حکومتوں کا محتاج نہ رہنا پڑے۔

سابق وفاقی وزیر نے مطالبہ کیا کہ آئین کے آرٹیکل 140-A میں مؤثر ترمیم کی جائے، تاکہ بلدیاتی حکومتوں کو قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) میں براہِ راست اور آئینی طور پر محفوظ مالی حصہ مل سکے۔ اس کے علاوہ مقامی اداروں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات منتقل کیے جائیں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کی آئینی مدت اور اداروں کے تسلسل کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

اسد عمر نے سندھ کی تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت سے اپیل کی کہ وہ اس تجویز پر اپنی جماعتوں اور متعلقہ فورمز میں غور کریں اور مشترکہ مکالمے کے ذریعے آئینی جدوجہد کا حصہ بنیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی وحدت برقرار رکھنا اور عوام کو بااختیار بنانا ایک دوسرے کے متضاد نہیں بلکہ لازم و ملزوم ہیں۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ صوبے کی تقسیم کے بجائے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔

Related posts

ملائیشیا کا 6 ہزار 800 سے زائد میانماری تارکین وطن کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ

عمران خان کی زندگی کو خطرہ؟ اپوزیشن رہنماؤں کا چیف جسٹسز کو خط، فوری طبی سہولیات اور بنیادی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ

اسرائیلی فوج میں اپنی زندگی ختم کرنے کے واقعات 16 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے