لاہور (پاک ٹوڈے): لاہور کے علاقے چوہنگ میں مالی لین دین کے تنازع پر بھائیوں کے درمیان جھگڑے کے دوران چھری کے وار سے ایک بھائی قتل جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزم جمشید انجم ججہ نے اپنے دو بھائیوں سہیل انجم ججہ اور نفیس انجم ججہ پر چھری سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 55 سالہ سہیل انجم ججہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ نفیس انجم ججہ تاحال اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
واقعے کے بعد چوہنگ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم جمشید انجم ججہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔