راولپنڈی (پاک ٹوڈے): پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیمسٹرنگ انجری کے باعث نوجوان فاسٹ بولر ثاقب خان کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں مزید بولنگ نہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے، تاہم وہ ضرورت پڑنے پر دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
ثاقب خان دوسرے روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کی دوسری اننگز کے دوران اپنے دوسرے اوور کی دوسری گیند پر انجری کا شکار ہوئے اور میدان سے باہر چلے گئے۔ انہوں نے اس اننگز میں 1.2 اوورز بولنگ کرتے ہوئے 6 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ ان کا باقی اوور رضا اللہ نے مکمل کیا۔
پی سی بی کے مطابق ثاقب خان کو ہیمسٹرنگ انجری ہوئی ہے اور میڈیکل ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے۔
ثاقب خان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 130 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کی تھیں، جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
دوسری جانب پی سی بی نے فاسٹ بولر علی شبیر کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز کر دیا ہے اور انہیں قائداعظم ٹرافی کے آئندہ دو راؤنڈز میں شرکت کی ہدایت کی ہے۔ وہ ٹورنامنٹ میں بہاولپور ریجن کی نمائندگی کریں گے۔
پی سی بی کے مطابق سلیکٹرز چاہتے ہیں کہ علی شبیر کو ریڈ بال کرکٹ میں مزید تجربہ حاصل ہو۔ بہاولپور ریجن کی ٹیم 21 سے 24 نومبر تک لاہور بلیوز کے خلاف میچ کھیلے گی۔