منیلا (پاک ٹوڈے): فلپائن میں فضائیہ کے دو تربیتی طیارے دورانِ پرواز آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے، جس کے نتیجے میں چاروں پائلٹ ہلاک ہوگئے۔ حادثے کے بعد فضائیہ نے تحقیقات مکمل ہونے تک ایس ایف 260 ماڈل کے تمام طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حادثہ دارالحکومت منیلا کے جنوب میں واقع صوبے باتانگاس کے فرنینڈو ایئر بیس پر پیش آیا۔ دونوں طیارے ایئر بیس کی حدود میں گر کر تباہ ہوئے۔
فلپائنی فضائیہ کے مطابق حادثے میں دونوں طیاروں میں سوار چاروں پائلٹ جان سے گئے، جبکہ کسی دوسرے شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق طیارے فضا میں ایک دوسرے سے ٹکرا گئے تھے، تاہم حکام نے حادثے کی حتمی وجہ کی تصدیق نہیں کی۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ایس ایف 260 طیاروں کی تمام پروازیں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال مئی میں بھی فلپائن کے شمالی علاقے میں اسی ماڈل کا ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں دو پائلٹ ہلاک ہوئے تھے۔ اس سے قبل 2023 میں بھی اسی نوعیت کا حادثہ پیش آ چکا ہے۔