کابل (پاک ٹوڈے مانیٹرنگ ڈیسک):
افغان طالبان حکومت کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان نے افغان حکومت کے مخالف گروہوں اور ‘داعش’ کے مسلح عناصر کو اپنے ہاں پناہ دے رکھی ہے اور ان کی سرپرستی کر رہا ہے۔
جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے (DW) کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں طالبان ترجمان نے دوطرفہ تعلقات اور سیکورٹی کے امور پر سخت موقف اپنایا۔
صوبہ بدخشان اور ملک کے دیگر حصوں میں پیش آنے والے حالیہ سیکورٹی واقعات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ یہ واقعات تشویشناک نہیں ہیں اور افغان فورسز نے ان پر فوری اور موثر انداز میں قابو پا لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا دفاعی نظام مکمل طور پر فعال ہے اور ملک میں امن و امان کی صورتحال قابو میں ہے۔