صوابی (پاک ٹوڈے): ضلع صوابی میں نامعلوم مسلح افراد کی پولیس گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں پولیس چوکی کے انچارج سمیت دو اہلکار مارے گئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ چوکی منصوری کی حدود میں پیش آیا، جہاں اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
ڈی پی او صوابی وقاص رفیق کے مطابق فائرنگ سے چوکی انچارج ولید خان اور اہلکار ذوالفقار موقع پر مارے گئے جبکہ شاہد نامی اہلکار زخمی ہوا۔ لاشوں اور زخمی اہلکار کو باچا خان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردی مگر ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
