اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وزیراعظم شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور خیبرپختونخوا میں جاری سیاسی و انتظامی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو عمرے کی ادائیگی پر مبارک باد دی اور انہیں اہم سیاسی و آئینی امور پر مشاورت کے لیے وزیراعظم ہاؤس آنے کی دعوت دی۔
اطلاعات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کی دعوت قبول کر لی ہے، جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان جلد ملاقات متوقع ہے۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کی صورتحال اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان تناؤ کم کرنے کے امکانات پر گفتگو متوقع ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مبینہ طور پر صوبے میں ممکنہ گورنر راج یا ایمرجنسی کے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔