سہیل آفریدی کا 13 اکتوبر کو صوابی میں آئندہ لائحہ عمل دینے کا اعلان

چارسدہ (پاک ٹوڈے): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کا جذبہ مسلسل بڑھ رہا ہے اور اب جدوجہد اقتدار کی کرسی سے آگے جا چکی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 11 اکتوبر سے ملک بھر سے کارکن صوابی پہنچنا شروع ہوں گے، جبکہ 13 اکتوبر کو آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔

چارسدہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ ان کی حکومت عمران خان پر قربان ہے اور وہ خود عمران خان کے سپاہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوابی سے آگے بھی اگلی منزل کی جانب پُرامن طریقے سے پیش قدمی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے چارسدہ میں چھاپوں اور گرفتاریوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی صورت اپنی عزت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے نادیہ کی رہائی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا میں کسی دوسرے کلچر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سہیل آفریدی نے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ بعض عناصر پیسے لے کر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کے معاملے کے پیچھے بعض لوگ چھپ رہے ہیں، تاہم صوبے میں ایسا کوئی اقدام برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ خیبرپختونخوا میں دوبارہ دہشت گردی مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ان سے کسی معاملے پر دستخط کرنے کا کہا گیا تھا، تاہم انہوں نے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں عمران خان کی پالیسی ہی چلے گی اور وہ اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ان کے لیے اقتدار کی کرسی سے زیادہ مقصد اہم ہے۔ سہیل آفریدی نے کارکنوں پر زور دیا کہ 13 اکتوبر کے بعد بھی اپنے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں۔

Related posts

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ اور مذاکرات ساتھ ساتھ جاری رکھنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی قافلہ چارسدہ پہنچ گیا، فاروق اعظم چوک پر سہیل آفریدی کے کنٹینر کا پڑاؤ

تحریک انصاف اقتدار کی نہیں، عوامی حقوق کی سیاست کرتی ہے، جنید اکبر خان