شدید گرمی اور بے ترتیب بارشیں، پاکستان میں زراعت اور غذائی تحفظ کو خطرات لاحق

ریاض حسین

پشاور: شدید گرمی، بارشوں کے بدلتے ہوئے انداز اور غیر معمولی موسمی واقعات میں اضافے نے پاکستان میں زرعی پیداوار، کسانوں کے روزگار اور غذائی تحفظ کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں کسانوں کو فصلوں کی مدت میں کمی، اچانک سیلاب اور کاشتکاری کے بڑھتے ہوئے اخراجات جیسے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔

اقوام متحدہ کے اداروں خوراک و زراعت کی تنظیم (ایف اے او) اور عالمی موسمیاتی تنظیم (ڈبلیو ایم او) کی مشترکہ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ شدید گرمی دنیا بھر میں زرعی شعبے کو بھاری نقصان پہنچا رہی ہے، جس کے نتیجے میں فصلیں متاثر ہو رہی ہیں، مویشیوں کی پیداوار میں کمی آ رہی ہے اور زراعت سے وابستہ کمزور طبقوں کے معاشی حالات مزید خراب ہو رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بھی اس کے اثرات زرعی پیداوار پر نمایاں ہونے لگے ہیں۔ پنجاب کے زیادہ بارش والے علاقوں میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور ہیٹ ویوز کے باعث پھلوں کی پیداوار میں 50 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مویشی بھی شدید گرمی سے متاثر ہو رہے ہیں، جہاں بڑے جانوروں میں دودھ کی پیداوار کم ہو رہی ہے جبکہ چھوٹے مویشیوں میں بیماریوں کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شدید درجہ حرارت سبزیوں اور دودھ سے بنی اشیا کے جلد خراب ہونے کا سبب بن رہا ہے، جس سے کسانوں کی آمدنی متاثر ہونے کے ساتھ غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافے کا دباؤ بھی بڑھ رہا ہے۔ اس صورتحال میں دیہی آبادی کو ایک طرف زرعی پیداوار میں کمی اور دوسری طرف قوت خرید متاثر ہونے جیسے دوہرے مسائل کا سامنا ہے۔

ماحولیاتی امور کے صحافی آصف مہمند کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی نے خیبر پختونخوا میں موسموں کے روایتی نظام کو نمایاں طور پر تبدیل کر دیا ہے، جہاں بارشیں کم وقت میں شدید شدت کے ساتھ برسنے کے باعث اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو رہی ہے اور زرعی زمینوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

ان کے بقول، ’’پہلے جو بارش تین سے چار دنوں میں وقفے وقفے سے ہوتی تھی، اب وہی بارش ایک سے دو گھنٹوں میں برس جاتی ہے۔ اس طرح کی شدید بارشیں اچانک سیلاب کا باعث بنتی ہیں، جس سے فصلیں بہہ جاتی ہیں اور زرعی زمین کو نقصان پہنچتا ہے۔‘‘

آصف مہمند نے کہا کہ 2024 اور 2025 کے دوران سیلابوں سے خیبر پختونخوا کے زرعی شعبے کو بھاری نقصان پہنچا، جبکہ صوبائی محکمہ زراعت کی 2025 کی رپورٹ کے مطابق زرعی نقصانات کا تخمینہ تقریباً 10 ارب روپے لگایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت نے کئی فصلوں کی نشوونما اور پیداوار کی مدت بھی کم کر دی ہے، جس سے پہلے ہی بڑھتے ہوئے زرعی اخراجات کا سامنا کرنے والے کسانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کے مطابق، ’’تربوز کی فصل جو پہلے تین سے چار ماہ تک کھیتوں میں رہتی تھی، اب تقریباً دو ماہ میں تیار ہو جاتی ہے۔ اسی طرح ٹماٹر کی فصل بھی معمول سے پہلے ختم ہو رہی ہے اور بعض اوقات اگست سے پہلے ہی اس کی پیداوار ختم ہو جاتی ہے۔ کھیرے اور دیگر سبزیاں بھی اسی طرح متاثر ہو رہی ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ طویل دورانیے کی ہیٹ ویوز، غیر متوقع بارشیں، تیز ہوائیں اور طوفان زرعی پیداوار کو غیر یقینی بنا رہے ہیں۔

مہمند کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے ساتھ کسانوں کو ڈیزل، ٹریکٹر کے استعمال اور دیگر زرعی مداخل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بھی سامنا ہے، جس سے کاشتکاری کا کاروبار مزید مشکل ہو گیا ہے۔

مردان میں کسانوں سے ہونے والی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متعدد کسانوں کے مطابق کاشتکاری کے اخراجات اس قدر بڑھ گئے ہیں کہ بعض کے لیے اپنی زمینوں پر کاشت جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے اور وہ زمین فروخت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

انہوں نے زرعی زمینوں کو رہائشی منصوبوں اور رئیل اسٹیٹ میں تبدیل کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کو بھی صوبے کے زرعی مستقبل کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا۔

آصف مہمند کے مطابق گزشتہ دس برسوں کے دوران خیبر پختونخوا میں تقریباً پانچ لاکھ ہیکٹر زرعی زمین غیر زرعی استعمال میں چلی گئی ہے۔

انہوں نے کہا، ’’موسمیاتی تبدیلی اس کی ایک وجہ ہے، تاہم ہاؤسنگ سوسائٹیز اور رئیل اسٹیٹ کے پھیلاؤ کے ساتھ لوگوں کی مالی ضروریات بھی زرعی زمینوں کی فروخت اور ان کی غیر زرعی مقاصد کے لیے تبدیلی کا سبب بن رہی ہیں۔ یہ رجحان مستقبل میں غذائی تحفظ کے لیے ایک سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔‘‘

خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں کسانوں کو خاص طور پر مشکلات کا سامنا ہے، جہاں بڑی تعداد میں کاشتکار بارانی گندم کی فصل پر انحصار کرتے ہیں۔ بارشیں کم ہونے یا مناسب وقت پر نہ ہونے کی صورت میں گندم کی پیداوار متاثر ہوتی ہے، جبکہ کسانوں کے پاس نقصان پورا کرنے کے متبادل ذرائع بھی محدود ہوتے ہیں۔
مہمند نے کہا کہ صوبے میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے حکومتی اداروں کی کمزور کارکردگی اور انتظامی عدم تسلسل بھی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔

ان کے بقول، ’’ایک بڑا مسئلہ صوبائی محکمہ موسمیاتی تبدیلی میں ادارہ جاتی تسلسل کا فقدان ہے۔ سیکرٹریوں کے بار بار تبادلوں سے پالیسیوں پر عمل درآمد اور طویل مدتی منصوبہ بندی متاثر ہوتی ہے۔ خیبر پختونخوا میں موسمیاتی تبدیلی کا شعبہ عملاً ایک غیر فعال یا ثانوی وزارت بن کر رہ گیا ہے۔‘‘

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ زرعی تحقیق کے اداروں کو مضبوط بنایا جائے اور ایسی موسمیاتی مزاحمت رکھنے والی بیجوں کی اقسام تیار کی جائیں جو شدید گرمی اور بدلتے ہوئے موسمی حالات کا مقابلہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا، ’’حکومت کو زرعی تحقیق کے اداروں کو مضبوط بنانے اور ایسے بیج تیار کرنے پر توجہ دینی چاہیے جو شدید گرمی برداشت کر سکیں۔ تحقیق، جدت اور موسمیاتی تبدیلی کے مطابق زرعی نظام میں بہتری کے بغیر کسانوں کو مسلسل پیداواری نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘

آصف مہمند نے گزشتہ سیلابوں سے متاثرہ کسانوں کو معاوضوں کی عدم ادائیگی پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 2022 اور 2025 کے سیلابوں سے متاثر ہونے والے بعض کسان اب تک مالی امداد کے منتظر ہیں۔

ان کے مطابق پاکستان میں کسانوں کو زرعی نقصانات سے تحفظ فراہم کرنے کا مؤثر مالی نظام موجود نہیں، جبکہ کئی ترقی یافتہ ممالک میں حکومتیں سبسڈی اور مالی معاونت کے ذریعے کسانوں کو قدرتی آفات اور موسمیاتی نقصانات سے نمٹنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

دوسری جانب ایف اے او اور ڈبلیو ایم او کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شدید گرمی کے اثرات خواتین پر بھی غیر متناسب طور پر مرتب ہو رہے ہیں، خصوصاً حاملہ اور بچوں کو دودھ پلانے والی خواتین زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔ اس کی وجوہات میں زرعی اور گھریلو کاموں میں ان کی زیادہ شمولیت، وسائل تک محدود رسائی اور شدید گرمی میں زیادہ وقت گزارنا شامل ہیں۔

رپورٹ میں شامل تحقیق کے مطابق درجہ حرارت میں ہر ایک ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کے ساتھ قبل از وقت بچے کی پیدائش کے امکان میں چار فیصد اضافہ وابستہ ہے، جبکہ ہیٹ ویوز کے دوران یہ خطرہ 26 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

عالمی سطح پر دونوں اقوام متحدہ کے اداروں نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی نہ صرف فصلوں اور مویشیوں بلکہ ماہی گیری اور جنگلات کے لیے بھی خطرہ بن رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں اضافے کا موجودہ رجحان برقرار رہا تو 2100 تک دنیا کے تقریباً نصف مویشی خطرناک حد تک شدید گرمی کی زد میں آ سکتے ہیں، جس سے سالانہ تقریباً 40 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث زرعی پیداوار میں ہونے والی کمی پوری کرنے کے لیے مزید زمین کو کاشتکاری میں لانے کی کوششیں جنگلات کی کٹائی اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں اضافے کا سبب بن سکتی ہیں، جس سے موسمیاتی بحران مزید شدت اختیار کرے گا۔

آصف مہمند نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ایک جامع اور مستقل حکمت عملی کی ضرورت ہے، جس میں زرعی تحقیق، گرمی برداشت کرنے والے بیجوں کی تیاری، پانی کے بہتر انتظام، موسمیاتی خطرات سے پیشگی آگاہی اور متاثرہ کسانوں کو بروقت مالی معاونت کی فراہمی شامل ہو۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے مؤثر منصوبہ بندی اور کسانوں کی معاونت کے لیے عملی اقدامات نہ کیے تو شدید گرمی، بے ترتیب بارشوں، بڑھتے ہوئے زرعی اخراجات اور زرعی زمینوں میں کمی کے مشترکہ اثرات کسانوں کے روزگار کو مزید متاثر کرنے کے ساتھ پاکستان میں غذائی تحفظ کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔

Related posts

ہنگو میں پولیس چوکی پر مسلح افراد کا حملہ، ایک افسر قتل، 3 اہلکار اغوا

یوکرین کا روس کی دوسری بڑی آئل ریفائنری پر ڈرون حملہ، شدید آگ بھڑک اٹھی

لاہور ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کی بوگی میں اچانک آگ لگ گئی