مستونک (پاک ٹوڈے): بلوچستان کے ضلع مستونک کے علاقے خادکوچہ میں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر حکام نے مقامی رہائشیوں کو کل دوپہر 3 بجے تک علاقہ خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق علاقے میں ممکنہ سیکیورٹی آپریشن کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اور علاقے میں دوسری بار کرفیو بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے آمد و رفت کے راستوں کی نگرانی سخت کر دی ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو مقررہ وقت تک محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اعلانات کئے جا رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ غریب اور محدود وسائل رکھنے والے افراد ہیں، اس لیے ان کے لیے فوری طور پر متبادل رہائش کا بندوبست کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آپریشن کے نام پر عوام کے استحصال کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔
واضح رہے کل بھی اس علاقے میں کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔
