اسلام آباد (پاک ٹوڈے): دنیا بھر کے 21 سابق ٹیسٹ اور بین الاقوامی کپتانوں نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر سابق قومی کپتان اور سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے فوری، مناسب اور آزادانہ طبی معائنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ ‘کرک انفو’ کے مطابق کرکٹ کی دنیا کی نامور شخصیات، جن میں مائیکل ایتھرٹن، ایلن بارڈر، گریگ چیپل، ایان چیپل، ایلسٹر کک، سنیل گواسکر، ایڈم گلکرسٹ، ناصر حسین، کلائیو لائیڈ، کپل دیو، ارجنا راناٹنگا اور اسٹیو وا شامل ہیں، نے وزیراعظم کو ایک مشترکہ مکتوب ارسال کیا ہے۔ سابق کپتانوں نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے باوجود عمران خان کا اسپتال میں قیام محض چند گھنٹوں تک محدود رکھا گیا اور نجی معالجین و ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کے بجائے سرکاری میڈیکل بورڈ کے ذریعے معائنہ کرا کے انہیں جلد بازی میں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
خط میں تین واضح مطالبات پیش کیے گئے ہیں، جن میں سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق آزادانہ میڈیکل بورڈ کو عمران خان (خصوصاً ان کی دائیں آنکھ کی بینائی کی مبینہ متاثرگی) کا معائنہ کرنے کی اجازت دینا، ہفتہ وار خاندانی ملاقاتوں کا سلسلہ بحال رکھنا اور ضروری علاج فوری فراہم کرنا شامل ہے۔ سابق کپتانوں نے وضاحت کی ہے کہ وہ یہ اپیل کسی سیاسی مقصد کے تحت نہیں بلکہ کرکٹ کے میدان میں عمران خان کے سابق حریفوں اور ساتھیوں کی حیثیت سے انسانی بنیادوں پر کر رہے ہیں۔
