سوات میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، 3 شدت پسند مارے گئے، 2 فرار

پشاور (پاک ٹوڈے): سوات میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور ضلعی پولیس نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران تین مطلوب شدت پسندوں کو مارا گیا، جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔

حکام کے مطابق کارروائی علی الصبح تھانہ کانجو کی حدود میں واقع علاقے سخاڈوب میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی اہلکاروں اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی کے دوران تین شدت پسند مارے گئے، جبکہ فرار ہونے والے دو افراد کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے شدت پسندوں کا تعلق ضلع سوات سے تھا اور وہ کالعدم تنظیم کے ایک کمانڈر گروپ سے وابستہ تھے۔

کارروائی کے دوران مارے جانے والے شدت پسندوں کے قبضے سے تین کلاشنکوف، چھ میگزین، متعدد کارتوس، گیس سلنڈر، تھانے کا نقشہ اور ایک ڈائری برآمد کی گئی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق مارے جانے والے شدت پسند رواں سال فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد واقعات میں ملوث رہے ہیں۔ حکام کی جانب سے ان واقعات سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

آئی جی پی خیبر پختونخوا نے کارروائی میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے ان کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔

Related posts

بونیر میں دو فریقین کے درمیان مسلح تصادم، متعدد افراد جاں بحق، ایک زخمی

خیبر: باڑہ بازار کی کئی روز سے بندش، تاجروں اور عوام کو مشکلات

قبائلی اضلاع کے صحافیوں کی دو نئی تنظیمیں قائم، صفدر داوڑ اور ڈاکٹر حمیرا عنبرین سربراہ مقرر