ریاض (پاک ٹوڈے): سعودی عرب میں الحدیثہ کسٹمز حکام نے ملک میں نشہ آور اشیاء اسمگل کرنے کی ایک اور بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے دال کی کھیپ میں چھپائی گئی 19 لاکھ 50 ہزار 581 ایمفیٹامائن گولیاں برآمد کر لیں۔
زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی کے ترجمان حمود الحربی کے مطابق یہ منشیات الحدیثہ بندرگاہ کے راستے مملکت میں داخل ہونے والے ایک ٹرک سے جدید سیکیورٹی ٹیکنالوجی اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے تلاشی کے دوران پکڑی گئیں۔ منشیات کو چالاکی کے ساتھ دال کے ڈبوں اور بوریوں کے اندر چھپایا گیا تھا۔
کسٹمز حکام نے واضح کیا کہ سعودی وزارتِ داخلہ اور جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول کے باہمی تعاون سے مملکت کی تمام سرحدوں اور بندرگاہوں پر سخت نگرانی جاری ہے تاکہ ایسی کسی بھی کوشش کو موقع پر ہی ناکام بنایا جا سکے۔
