لاہور (پاک ٹوڈے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی رہائش گاہ پر ان سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال، نئے صوبوں کے قیام اور دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھی موجود تھے۔
صدر زرداری دو روزہ دورے پر لاہور میں تھے، جہاں ہفتے کو وہ محسن نقوی کی رہائش گاہ پہنچے تو وفاقی وزیر داخلہ نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
ملاقات میں صوبوں سے متعلق امور اور ملک کی سیاسی صورت حال کے مختلف پہلوؤں پر مشاورت کی گئی۔ یہ ملاقات محسن نقوی کے حالیہ بیان کے بعد اہمیت اختیار کر گئی ہے، جس میں انہوں نے ملکی نظام کے ناکام ہونے کے خدشات اور نئے صوبوں کی ضرورت پر بات کی تھی۔
پیپلز پارٹی کے ترجمان کے مطابق صدر زرداری وفاقی وزیر داخلہ سے ملاقات کے بعد اپنا دو روزہ دورۂ لاہور مکمل کرکے اسلام آباد روانہ ہو گئے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز رحیم یار خان کے دورے کے دوران پنجاب اسمبلی کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق منظور کردہ قرارداد کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی قرارداد منظور کر چکی ہے، تاہم اس پر تاحال عملی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ پیپلز پارٹی پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے، جبکہ سندھ میں نئے صوبے بنانے کی مخالفت کرتی رہی ہے۔
