ریاض میں دھماکوں کی آوازیں، حوثیوں کے داغے بیلسٹک اور کروز میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ

ریاض (پاک ٹوڈے): سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منگل کو متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا کہ فضائی دفاعی نظام نے یمن کے حوثیوں کی جانب سے ریاض کی طرف داغے گئے بیلسٹک اور کروز میزائل فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے صحافیوں کے مطابق شہر میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جبکہ شہریوں کو موبائل فون پر فضائی خطرے کا پیغام موصول ہوا، جس میں محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

فوجی اتحاد نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ ریاض کی طرف آنے والے بیلسٹک اور کروز میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے روک لیا۔ بعد ازاں سعودی شہری دفاع کے ادارے نے پیغام جاری کرکے بتایا کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔

اتحاد کے مطابق رات گئے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف آنے والے ایک اور بیلسٹک میزائل کو بھی تباہ کیا گیا۔

فوجی اتحاد نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ کارروائیوں میں حوثیوں کے زیرِ استعمال بیلسٹک میزائلوں کے پرزے تیار اور جوڑنے والی فیکٹری، ٹھوس ایندھن بنانے کا کیمیائی کارخانہ اور میزائلوں کے الیکٹرانک نظام کی تیاری سے متعلق ورکشاپ تباہ کر دی گئی ہیں۔

اس سے قبل اتوار کو حوثیوں نے ریاض کے کاروباری علاقے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق اس حملے میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کے ٹاور کو نقصان پہنچا تھا۔ سعودی حکام نے بتایا تھا کہ میزائل کے ٹکڑے گرنے سے عمارت کو معمولی نقصان ہوا۔

سعودی عرب کئی ہفتوں سے حوثیوں کے تقریباً روزانہ حملوں کا سامنا کر رہا ہے، جبکہ یمن میں ان کے خلاف سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ اس اتحاد نے مارچ 2015 میں حوثیوں کے خلاف فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔

Related posts

تربیال ڈیم توسیعی منصوبے میں پانی داخل ہونے کا واقعہ، واپڈا نے مرکزی سرنگ منہدم ہونے کی خبروں کی تردید کردی

اسلام آباد ہائیکورٹ کا لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کو عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کرانے کا حکم

صوابی میں دن دہاڑے فائرنگ، امام مسجد اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق، 6 زخمی