ابوظہبی (پاک ٹوڈے): روس اور یوکرین نے ابوظہبی میں ہونے والے مذاکرات سے قبل متنازع علاقوں کے معاملے پر ممکنہ سمجھوتے کے لیے اپنے مؤقف میں لچک دکھانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے پسِ پردہ رابطوں کے دوران متنازع علاقوں کے معاملے پر اپنے مؤقف میں کچھ نرمی دکھائی ہے۔
عہدیدار کے مطابق ابوظہبی میں امریکا کی ثالثی میں ہونے والے آئندہ مذاکرات میں یوکرین، روس اور خطے کے لیے سکیورٹی ضمانتوں پر توجہ دی جائے گی، جبکہ متنازع علاقوں کے بارے میں ممکنہ سمجھوتے پر دیگر معاملات طے ہونے کے بعد بات ہوگی۔
دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی کہا ہے کہ ابوظہبی میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات میں ممکنہ امن معاہدے کے بنیادی اصولوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دو روزہ مذاکرات منگل سے ابوظہبی میں شروع ہونے والے ہیں، جن میں امریکا ثالثی کا کردار ادا کرے گا۔