آئی جی خیبر پختونخوا نے وفاقی حکومت کے بیانیے کی تائید نہیں کی، 10 سے 12 اضلاع میں شدت پسندوں کے مکمل کنٹرول کی تردید

اسلام الدین ساجد

اسلام آباد (پاک ٹوڈے) خیبر پختونخوا پولیس کے انسپکٹر جنرل ذوالفقار حمید نے صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد اپنے پہلے تفصیلی ٹی وی انٹرویو میں وفاقی حکومت کے اس بیانیے کی واضح تائید نہیں کی کہ صوبے کے 10 سے 12 اضلاع شدت پسندوں کے مکمل کنٹرول میں ہیں اور وہاں ریاستی عمل داری ختم ہو چکی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام میں اینکر شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی نے کہا کہ صوبے کے جنوبی اضلاع میں سکیورٹی چیلنجز ضرور موجود ہیں اور گزشتہ برسوں کے مقابلے میں شدت پسندی کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم صورت حال ایسی نہیں جیسی بیان کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق پولیس کا کنٹرول موجود ہے، اہم شاہراہیں محفوظ ہیں اور پولیس اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔

انٹرویو میں آئی جی کے جوابات سے بظاہر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر وزرا کی جانب سے صوبے کی سکیورٹی صورت حال سے متعلق پیش کیے جانے والے بعض سنگین دعووں کی مکمل تصدیق نہیں ہوتی۔ ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد اسلام آباد میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے دعویٰ کیا تھا کہ کم از کم 12 اضلاع ایسے ہیں جہاں حالات انتہائی خراب ہیں اور لوگ شام کے بعد گھروں سے نہیں نکل سکتے۔

اسی طرح آئی جی نے پولیس کی استعداد کار بڑھانے اور اسے جدید آلات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کا ذکر کیا، جبکہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی جانب سے پولیس کے ساتھ عدم تعاون کے تاثر کی بھی انہوں نے تائید نہیں کی۔

شدت پسندوں کے کنٹرول میں 10 سے 12 اضلاع؟

انٹرویو کے دوران شہزاد اقبال نے سوال کیا کہ پہلے صرف تین یا چار اضلاع ایسے تھے جہاں شام کے بعد پولیس اہلکار بھی چوکیوں پر موجود نہیں رہتے تھے، لیکن اب یہ صورت حال 10 سے 12 اضلاع تک پھیلنے کی بات کی جا رہی ہے۔ کیا واقعی شدت پسندوں نے ان علاقوں میں اپنی عمل داری قائم کر لی ہے؟

آئی جی ذوالفقار حمید نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں حالات ضرور تبدیل ہوئے ہیں اور حملوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم صورت حال کو اس انداز میں پیش کرنا درست نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے تقریباً 400 تھرمل کیمرے نصب کیے ہیں، جس سے رات کے وقت شدت پسندوں کی نقل و حرکت کی نگرانی اور حملوں میں کمی لانے میں مدد ملی ہے۔

ان کے مطابق شدت پسند اب ڈرونز اور دیگر غیر روایتی طریقوں سے بھی حملے کر رہے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے پولیس نے اینٹی ڈرون نظام اور دیگر جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنا شروع کی ہے۔ اس سلسلے میں فوج بھی پولیس کی مدد کر رہی ہے۔

شہزاد اقبال نے سوال کیا کہ کیا شدت پسند ان علاقوں میں بھتہ وصول کرتے، پٹرولنگ کرتے اور عام شہریوں کو ہراساں کرتے ہیں؟

آئی جی نے جواب دیا کہ ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع میں چیلنجز موجود ہیں، لیکن اہم شاہراہیں اور موٹرویز محفوظ ہیں اور پولیس کے سکیورٹی انتظامات موجود ہیں۔

انہوں نے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں مسائل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہاں لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کے بعد نئے سکیورٹی اور انتظامی ڈھانچے کو فعال کیا جا رہا ہے۔ ان علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر اور سہولیات کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے کیونکہ کئی دہائیوں تک وہاں یہ نظام موجود نہیں تھا۔

پولیس فنڈز اور سہولیات سے متعلق سہیل آفریدی کے دعوے

انٹرویو میں پولیس کی مالی ضروریات اور صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

اینکر نے سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے اس دعوے کے بارے میں سوال کیا کہ پولیس کے لیے 191 ارب روپے مختص کیے گئے تھے اور ترقیاتی فنڈز سے بھی 35 ارب روپے نکالے گئے۔

آئی جی نے وضاحت کی کہ آپریشنل ضروریات کے لیے پولیس کو ایک ارب روپے جاری کیے گئے تھے، جبکہ باقی فنڈز کی تفصیل انہوں نے نہیں بتائی کہ وہ کہاں خرچ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کو رات کے وقت کارروائیوں کے لیے تھرمل نائٹ وژن آلات کی ضرورت ہے، کیونکہ شدت پسندی کے خلاف لڑائی میں اب رات کے وقت نگرانی اور کارروائی انتہائی اہم ہو چکی ہے۔
ان کے مطابق افغانستان میں نیٹو کا چھوڑا ہوا جدید اسلحہ اور شدت پسندوں کی جانب سے ڈرونز کے استعمال نے سکیورٹی صورت حال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، جس کے باعث پولیس کو اپنی صلاحیتوں میں تبدیلی اور جدید آلات کی فراہمی کے لیے زیادہ وسائل درکار ہیں۔

تاہم انہوں نے پولیس کے لیے بجٹ کی کمی کا اعتراف کیا اور کہا کہ ضروریات کے مقابلے میں مختص بجٹ کم رہا ہے۔

17 ہزار خالی آسامیوں میں سے 6 ہزار پر بھرتی

پولیس میں تقریباً 17 ہزار خالی آسامیوں کے حوالے سے آئی جی نے بتایا کہ ان میں سے تقریباً چھ ہزار آسامیوں پر بھرتی کی جا چکی ہے، جبکہ باقی آسامیوں پر بھرتی کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور تقریباً سات ارب روپے کے جدید آلات حاصل کیے جا رہے ہیں۔

آئی جی کے مطابق پشاور میں سیف سٹی منصوبہ مکمل کیا جا چکا ہے، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت اور بنوں میں بھی اس منصوبے پر کام جاری ہے۔ ان علاقوں میں پولیس انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے سہیل آفریدی کی صوبائی حکومت کی جانب سے پولیس کے ساتھ تعاون نہ کرنے کے تاثر کی بھی تائید نہیں کی۔

سہیل آفریدی اور اسپیکر بابر سلیم سواتی کی حراست کی تصدیق

انٹرویو کا ایک اہم حصہ معطل وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کی حراست سے متعلق تھا۔

شہزاد اقبال نے سوال کیا کہ کیا ایمرجنسی کے بعد پولیس نے دونوں سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کیا؟

آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس نے انہیں گرفتار نہیں کیا بلکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق دونوں رہنما اس وقت حراست میں ہیں۔

تاہم آئی جی نے یہ واضح نہیں کیا کہ ضلعی انتظامیہ نے یہ احکامات کس کے کہنے پر جاری کیے تھے۔ وزیراعلیٰ خود اپنی حراست سے متعلق احکامات تو جاری نہیں کر سکتے، تو پھر ضلعی انتظامیہ کو یہ احکامات کہاں سے ملے؟ اس سوال کا جواب آئی جی نے نہیں دیا۔

یہ معاملہ اس لیے بھی اہم ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے ایسے اقدامات کے پس منظر اور قانونی و انتظامی اختیار سے متعلق سوالات پیدا ہوتے ہیں، خصوصاً جب صوبے میں سیاسی قیادت کی معطلی اور ایمرجنسی کے بعد سیاسی صورت حال غیر معمولی ہو۔

وزرا اور ارکان اسمبلی پر حملے کس نے کیے؟ آئی جی کے پاس جواب نہیں

انٹرویو کا سب سے اہم اور کئی سوالات کو جنم دینے والا حصہ ایمرجنسی اور گورنر راج سے قبل خیبر پختونخوا کے وزرا، ارکان صوبائی و قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے خلاف پیش آنے والے واقعات سے متعلق تھا۔

رپورٹس کے مطابق اس عرصے میں تقریباً 10 سے 12 وزرا اور منتخب ارکان کے قافلوں اور گاڑیوں پر حملے ہوئے، بعض رہنماؤں کو زبردستی اٹھایا گیا، جبکہ متعدد کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔ ان واقعات میں گھروں میں توڑ پھوڑ اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کے الزامات بھی سامنے آئے تھے۔

شہزاد اقبال نے آئی جی سے براہ راست پوچھا کہ کیا یہ کارروائیاں پولیس نے کی تھیں؟

ذوالفقار حمید نے واضح طور پر کہا کہ پولیس نے ایسا کچھ نہیں کیا۔

جب اینکر نے مزید پوچھا کہ اگر یہ کارروائیاں پولیس نے نہیں کیں تو پھر یہ سب کس نے کیا تھا، تو آئی جی نے کہا کہ کم از کم تین ایسے واقعات ان کے علم میں آئے تھے جن میں پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کی تھیں۔

تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا تحقیقات میں ان افراد کی شناخت ہو سکی ہے جنہوں نے منتخب نمائندوں کے گھروں پر چھاپے مارے، گاڑیوں پر حملے کیے اور انہیں ہراساں کیا، تو آئی جی نے کہا کہ ابھی تک ان کا سراغ نہیں ملا۔

یہ جواب کئی اہم سوالات کو جنم دیتا ہے کہ صوبے کے منتخب عوامی نمائندوں کے خلاف اسلحہ بردار کارروائیاں کرنے والے عناصر کون تھے، وہ کس ادارے یا گروہ سے تعلق رکھتے تھے اور ایک ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود پولیس ان کی شناخت کیوں نہیں کر سکی؟

تحریک انصاف کے رہنما بھی ان واقعات پر سوالات اٹھاتے رہے ہیں اور بعض مواقع پر ان کارروائیوں میں خفیہ اداروں کے اہلکاروں کے ملوث ہونے کے خدشات ظاہر کرتے رہے ہیں۔ تاہم آئی جی کے انٹرویو میں ان الزامات کی نہ تصدیق ہوئی اور نہ ہی کسی دوسرے ادارے یا گروہ کی نشاندہی کی گئی۔

پولیس نے اپنی گرفتاریوں کی تردید نہیں کی، دیگر کارروائیوں سے لاتعلقی ظاہر کی

آئی جی نے انٹرویو میں یہ بھی واضح کیا کہ جب پولیس خود کسی شخص کو گرفتار کرتی ہے تو اس کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق زیر بحث بعض واقعات میں پولیس نے ایسی گرفتاریاں نہیں کیں اور نہ ہی گھروں پر چھاپے مارنے یا اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی کارروائیوں میں پولیس ملوث تھی۔
ان کے اس بیان سے یہ سوال مزید اہم ہو گیا ہے کہ اگر یہ کارروائیاں پولیس نے نہیں کیں تو صوبے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی میں مسلح افراد کس طرح منتخب نمائندوں کو نشانہ بناتے رہے اور ان کی شناخت کیوں ممکن نہیں ہو سکی؟

وفاقی حکومت کے بیانیے پر سوالات

آئی جی ذوالفقار حمید کے انٹرویو سے مجموعی طور پر یہ تاثر سامنے آتا ہے کہ خیبر پختونخوا میں شدت پسندی اور سکیورٹی کے مسائل سنگین ضرور ہیں، لیکن پولیس سربراہ صوبے کے 10 سے 12 اضلاع میں شدت پسندوں کے مکمل کنٹرول، شاہراہوں پر ان کی کھلی عمل داری اور پولیس کے نظام کے خاتمے کے دعووں سے اتفاق نہیں کرتے۔

اسی طرح پولیس سربراہ نے یہ بھی نہیں کہا کہ صوبائی حکومت نے پولیس کو وسائل کی فراہمی یا شدت پسندی کے خلاف کارروائیوں میں تعاون سے انکار کیا تھا۔

تاہم انٹرویو نے ایک اور سنگین سوال کو بھی نمایاں کیا ہے: اگر منتخب وزرا اور ارکان اسمبلی پر حملے، ان کے گھروں پر چھاپے اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی کارروائیاں پولیس نے نہیں کیں تو پھر یہ سب کس نے کیا؟

آئی جی کے مطابق پولیس کی تحقیقات ابھی تک ان عناصر تک نہیں پہنچ سکیں۔ یہ معاملہ خیبر پختونخوا میں قانون کی حکمرانی، شہریوں کے تحفظ اور ریاستی اداروں کے اختیارات و جواب دہی کے حوالے سے مزید وضاحت کا متقاضی ہے۔

Related posts

تربیال ڈیم توسیعی منصوبے میں پانی داخل ہونے کا واقعہ، واپڈا نے مرکزی سرنگ منہدم ہونے کی خبروں کی تردید کردی

اسلام آباد ہائیکورٹ کا لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کو عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کرانے کا حکم

صوابی میں دن دہاڑے فائرنگ، امام مسجد اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق، 6 زخمی