پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں جاری 731 ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے غیر اہم اسکیمیں ختم کرنے اور ان کے فنڈز اہم منصوبوں پر خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی حکمت عملی کے تحت فی الحال نئے منصوبے شروع کرنے کے بجائے پہلے سے جاری اور عوامی اہمیت کے حامل منصوبوں کو مکمل کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ صوبے میں گزشتہ کئی سالوں کے دوران ترقیاتی منصوبوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، تاہم فنڈز کی کمی، ناقص منصوبہ بندی اور وسائل کے غیر مؤثر استعمال کے باعث متعدد اسکیمیں تاخیر کا شکار رہیں۔
نئی پالیسی کے تحت کم اہمیت کی حامل اور غیر ضروری اسکیمیں بند کی جائیں گی، جبکہ ان کے لیے مختص فنڈز کو عوامی ضرورت کے اہم منصوبوں پر منتقل کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد وسائل کے بہتر استعمال کے ساتھ ترقیاتی کاموں کی رفتار اور شفافیت میں بہتری لانا ہے۔
731 منصوبوں میں سڑکوں، صحت، تعلیم، پانی، نکاسی آب، توانائی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق اسکیمیں شامل ہیں۔ حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر منصوبے کی پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے گی، تکمیل کے لیے واضح مدت مقرر ہوگی اور تاخیر کے ذمہ دار افسران سے جواب طلب کیا جائے گا۔
غیر ضروری اور سیاسی بنیادوں پر شامل کی گئی اسکیموں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ دستیاب وسائل ان منصوبوں پر خرچ کیے جا سکیں جن سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے۔