ضلع خیبر میں ایک ہی خاندان کے 5 بچے جاں بحق، 2 کی حالت زیرِ علاج

خیبر (پاک ٹوڈے): ضلع خیبر کے علاقے بازار ذخہ خیل میں ایک ہی خاندان کے 7 بچے اچانک بے ہوش ہوگئے، جن میں سے 5 بچے اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران جاں بحق ہوگئے، جبکہ 2 بچوں کو پشاور کے اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ بازار ذخہ خیل کی حدود میں واقع گاؤں قاضیانو کلے میں پیش آیا، جہاں ایک ہی خاندان کے 7 بچوں کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی اور وہ بے ہوش ہوگئے۔ بچوں کو فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں 5 بچوں نے دم توڑ دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 5 سال سے کم ہیں، جبکہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے بچوں کے طبی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

اہلخانہ کے مطابق بچوں کو گزشتہ کئی روز سے کمزوری محسوس ہورہی تھی۔ دوسری جانب طبی ماہرین کی ٹیم گاؤں قاضیانو کلے کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لے گی، تاہم بچوں کے اچانک بے ہوش ہونے اور اموات کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔

Related posts

تربیال ڈیم توسیعی منصوبے میں پانی داخل ہونے کا واقعہ، واپڈا نے مرکزی سرنگ منہدم ہونے کی خبروں کی تردید کردی

اسلام آباد ہائیکورٹ کا لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کو عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کرانے کا حکم

صوابی میں دن دہاڑے فائرنگ، امام مسجد اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق، 6 زخمی