پشاور (پاک ٹوڈے): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لیے فی خاندان 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے فی کس 2 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ناقابل تلافی نقصان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جو حادثے کے اسباب اور ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔ گورنر نے واضح کیا کہ سب سے پہلے یہ معلوم کیا جائے گا کہ اسکول کو این او سی کس نے جاری کیا تھا، جبکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
دیر کالونی اسکول سانحے میں جاں بحق ہونے والے 33 بچوں اور خاتون ٹیچر کی اجتماعی نماز جنازہ بھی ادا کر دی گئی، جس میں گورنر خیبرپختونخوا، سیاسی رہنماؤں، پولیس افسران، لواحقین اور علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔