دکی میں کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر مسلح حملہ، گارڈ جاں بحق، 12 مزدور اغوا

دکی (پاک ٹوڈے): بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے نانا صاحب زیارت پلڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایس ایم سی کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر حملہ کردیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تقریباً 40 سے 45 مسلح افراد نے کیمپ پر دھاوا بولا، فائرنگ کے نتیجے میں کمپنی کا ایک سیکیورٹی گارڈ موقع پر جاں بحق جبکہ ایک راہگیر سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے مزدوروں کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد 12 مزدوروں کو اغوا کرلیا۔ مغوی مزدوروں میں 10 کا تعلق پنجاب، ایک کا مقامی علاقے جبکہ ایک کا خیبرپختونخوا سے بتایا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور جاتے ہوئے کیمپ میں موجود بھاری مشینری اور 4 گاڑیوں کو بھی آگ لگا گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مغوی مزدوروں کی بازیابی سمیت حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

Related posts

ایف بی آر کا سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کوٹے میں 50 فیصد کمی کا حکم، آپریشنل گاڑیاں مستثنیٰ

حسن خیل میں کان گرنے سے 3 افراد جاں بحق، ریسکیو آپریشن مکمل

27 ستمبر کا لانگ مارچ، بھاگنا ہی تھا تو احتجاج کی کال کیوں دی، عطا تارڑ