خیبر پختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم

پشاور (پاک ٹوڈے): خیبر پختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی، جسے پلیسر گولڈ مائننگ بھی کہا جاتا ہے، کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم کر دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ و قبائلی امور نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا نے وفاقی حکومت کی جانب سے حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے کمیشن تشکیل دیا ہے، جس کے چیئرمین جسٹس (ر) اسد اللہ خان چمکنی مقرر کیے گئے ہیں۔

کمیشن میں بیرسٹر محمد یاسین رضا بطور لیگل ایڈوائزر و رکن، ڈی آئی جی شیر اکبر خان، ایڈیشنل سیکرٹری صحت واصف رحمان اور انجینئر زیارت خان شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے نامزد نمائندے بھی کمیشن کا حصہ ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق کمیشن کوہاٹ، نوشہرہ، کرک اور دیگر متاثرہ اضلاع میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کی نوعیت اور اس کے دورانیے کا جائزہ لے گا۔ تحقیقات میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نیٹ ورکس، ان کے سہولت کاروں اور مبینہ سرپرستی کرنے والی سیاسی و سرکاری شخصیات کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔

کمیشن قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان، منی لانڈرنگ، سونے کی اسمگلنگ اور جرائم پیشہ یا عسکریت پسند گروہوں سے ممکنہ روابط کی بھی تحقیقات کرے گا۔ اس کے دائرہ کار میں 11 نومبر 2026 کو کوہاٹ میں پیش آنے والا واقعہ اور پولیس اہلکاروں پر حملے کے غیر قانونی کان کنی کے نیٹ ورکس سے ممکنہ تعلقات کا جائزہ بھی شامل ہے۔

اعلامیے کے مطابق کمیشن کو گواہوں کو طلب کرنے، متعلقہ ریکارڈ قبضے میں لینے اور کسی بھی معاملے کی پولیس تفتیش کا حکم دینے کے اختیارات حاصل ہوں گے۔ محکمہ معدنیات کمیشن کو سیکرٹریٹ اور انتظامی معاونت فراہم کرے گا، جبکہ تمام سرکاری محکمے اس کے ساتھ مکمل تعاون کے پابند ہوں گے۔

کمیشن کو 45 روز کے اندر اپنی جامع رپورٹ اور سفارشات گورنر خیبر پختونخوا کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Related posts

معروف گلوکارہ شازیہ منظور کے گھر پر مسلح افراد کا حملہ، قبضے کی کوشش کا الزام

صومالیہ کا اماراتی سفیر کو 72 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم، اپنا سفیر بھی واپس بلا لیا

انٹربینک میں ڈالر سستا، اوپن مارکیٹ میں مہنگا ہوگیا