اسلام آباد (پاک ٹوڈے): میڈیا رپورٹس کے مطابق سکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران 18 عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔
دعوے کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کے دوران 13 عسکریت پسند مارے گئے۔ پاکستان ٹی وی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ عزم استحکام کے وژن کے تحت عسکریت پسند گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھی ایک کارروائی کے دوران 5 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹی وی کے مطابق کارروائی کے دوران بھاری اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، جبکہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیاں آپریشن رد الفتنہ 3 کے تحت جاری ہیں۔ ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔