خیبرپختونخوا میں ڈینگی سر اٹھانے لگا: متاثرہ افراد کی تعداد 478 تک پہنچ گئی، پشاور اور کوہاٹ شدید متاثر

پشاور (پاک ٹو ڈے): خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جہاں رواں برس متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 478 ہو گئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادوشمار کے مطابق صوبے کے مختلف سرکاری علاج گاہوں میں اب تک 2 ہزار 697 مشتبہ کیسز رپورٹ کیے جا چکے ہیں، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ رواں سال وائرس کے باعث کوئی جانی نقصان سامنے نہیں آیا۔

​حالیہ رپورٹس کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صوبے بھر سے ڈینگی کے 620 مشتبہ کیسز سامنے آئے، جن میں سے لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد 83 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

​محکمہ صحت کے متعدی امراض کنٹرول روم کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور 177 تصدیق شدہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ ضلع کوہاٹ 151 کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ قرار پایا ہے۔ اس کے علاوہ بنوں میں 31، ہری پور میں 21 اور سوات میں اب تک 10 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہو چکی ہے۔

​وائرس کی پیشگی روک تھام اور لاروا کی تلفی کے لیے انسداد ڈینگی ٹیموں نے صوبہ بھر میں نگرانی سخت کر دی ہے۔ مہم کے دوران اب تک 2 لاکھ 46 ہزار سے زائد مکانات کی تلاشی لی گئی، جہاں 600 مقامات پر ڈینگی لاروا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ اس کے ساتھ ساتھ 22 ہزار سے زائد آؤٹ ڈور مقامات کی چیکنگ کے دوران 304 کھلی جگہوں پر لاروا مثبت پایا گیا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔

Related posts

تربت: خیرآباد میں ایف سی کے موٹر کیڈ پر حملہ، 1 اہلکار مارا گیا، 3 زخمی

غزہ: گزشتہ 48 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے مزید 9 فلسطینی شہید

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی آیت نور کے والد کے سامنے جذباتی ہو کر رو پڑے، 1 کروڑ کی امداد اور ’آیت نور بل‘ کا اعلان