خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے خلاف جے یو آئی کی سینیٹ میں قرارداد

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف سینیٹ میں قرارداد جمع کرادی، جس میں صوبائی خودمختاری اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے ایمرجنسی کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قرارداد جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے جمع کرائی، جس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی مذمت کی گئی ہے۔

قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایمرجنسی کا نفاذ آئینی تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتا، اس لیے وفاقی حکومت ایمرجنسی کے نفاذ کی وجوہات اور اس سے متعلقہ ریکارڈ پارلیمنٹ میں پیش کرے۔ اس کے ساتھ صدر مملکت اور وفاقی حکومت سے ایمرجنسی کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

قرارداد میں وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کرنے کے آئینی تقاضوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فیصلے کے وقت صدر کی جانب سے مطلوبہ آئینی اطمینان موجود نہیں تھا۔

قرارداد میں سفارش کی گئی ہے کہ ایمرجنسی کا حکم فوری طور پر واپس لیا جائے اور اسے غیر آئینی قرار دیا جائے۔ مزید یہ کہ قرارداد منظور ہونے کی صورت میں اس کی نقول صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر قانون کو بھجوائی جائیں۔

Related posts

خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے بعد 15 ارکانِ اسمبلی اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے

آزاد کشمیر: ہجیرہ میں بارودی سرنگ کا دھماکا، چار نوجوان جان سے گئے

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کابینہ کی گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی مذمت، گرفتار قیادت کی رہائی کا مطالبہ