پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد صوبے کے مختلف اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جبکہ بعض امتحانات اور پرچے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
پشاور میں آج تمام اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیاں بند رہیں گی۔ نوشہرہ میں بھی 12 اکتوبر کو تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ گوہر زمان وزیر نے اس حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق نوشہرہ میں 12 اکتوبر کو ہونے والے تمام امتحانات اور پرچے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب صوابی میں بھی آج تمام سرکاری و نجی اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیاں بند رہیں گی، جبکہ ضلع میں آج ہونے والا بورڈ کا پرچہ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔