استنبول (پاک ٹوڈے): ترکی کے مغربی علاقے میں مسافر بس اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حادثہ صوبہ مانیسا میں سیاحتی شہر بورسا اور ساحلی شہر ازمیر کے درمیان ایک شاہراہ کے داخلی مقام کے قریب پیش آیا۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
ترکی کے وزیر داخلہ مصطفیٰ چیفتچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں جبکہ وہ خود بھی صورت حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں مسافر بس کو سڑک کے کنارے حفاظتی رکاوٹوں پر چڑھا ہوا دیکھا جا سکتا ہے، جس سے تصادم کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ بس اور ٹرک دونوں کے ڈرائیوروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تاہم ڈرائیوروں کی جسمانی حالت اور حادثے کے ممکنہ اسباب سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔