اسلام آباد (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں، جبکہ شہر میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے مختلف چوک چوراہوں اور داخلی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ ریڈ زون میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد ہے، جبکہ حساس سرکاری عمارتوں پر رینجرز اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ شہر میں بینرز یا ہجوم نظر آنے کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے۔
حکام کی جانب سے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ سکیورٹی اقدامات ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد سیاسی صورتحال میں کشیدگی پائی جا رہی ہے۔