اسلام آباد (پاک ٹوڈے): جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور جلسے کی اجازت نہ دیے جانے کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے سڑکوں پر نکلنے اور ملک بھر کے راستے بند کرنے کی اپیل کردی ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں مولانا فضل الرحمان نے پوری قوم سے احتجاج میں شریک ہونے اور ملک بھر میں راستے بلاک کرنے کی اپیل کی۔
اس سے قبل سرگودھا میں جلسے اور جے یو آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کے معاملے پر پارٹی ترجمان اسلم غوری نے کہا تھا کہ رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، امیر پنجاب مولانا امجد خان اور مرکزی صدر جمعیت طلبہ اسلام ملک اویس کو پنجاب پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
اسلم غوری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گرفتار رہنماؤں کو فوری رہا کیا جائے، بصورت دیگر پیدا ہونے والی صورتحال کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ملک میں مارشل لا نافذ ہوچکا ہے کہ سیاسی اجتماعات پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں؟
ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ مریم نواز خود جلسے اور جلوس کررہی ہیں تو اپوزیشن جماعتوں کو بھی سیاسی اجتماعات کا آئینی حق حاصل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنے کو کمزوری سمجھا جارہا ہے۔
اسلم غوری نے مولانا عبدالغفور حیدری کی گرفتاری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ رکن قومی اسمبلی ہیں، کیا ان کی گرفتاری اسپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے عمل میں لائی گئی؟ انہوں نے مزید کہا کہ بغیر وارنٹ گرفتاریاں جمہوری نظام کے منہ پر طمانچہ ہیں اور مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت سے متعلق کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جے یو آئی کے دیگر عہدیداروں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
دوسری جانب جے یو آئی پنجاب کے جنرل سیکریٹری نصیر احرار نے کہا کہ پارٹی رہنما اور کارکن پُرامن ہیں اور کچھ دیر میں سرگودھا جلسے کے لیے روانہ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جی ٹی روڈ، موٹروے اور دیگر راستے بند کرکے عوام کو مشکلات سے دوچار کیا جارہا ہے، جس کی پارٹی بھرپور مذمت کرتی ہے۔