خیبرپختونخوا حکومت کو ایک ماہ تک ساتھ ملانے کی کوشش کی، پی ٹی آئی نے تجاویز کا جواب نہیں دیا، محسن نقوی

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ گزشتہ رات تک پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطہ رہا، انہیں تجاویز دینے کا کہا گیا، تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ آج کا دن حکومت کے لیے آسان نہیں تھا۔ گزشتہ ایک ماہ سے مسلسل کوششیں کی جا رہی تھیں کہ خیبرپختونخوا حکومت کو اعتماد میں لیا جا سکے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت کا مسئلہ دھرنا نہیں، اس سے نمٹا جا سکتا تھا، بلکہ اصل مسئلہ دہشت گردی ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ انہوں نے سارا دن پی ٹی آئی رہنماؤں سے کہا کہ مجوزہ ڈرافٹ کے پیراگراف چار میں جو تبدیلیاں درکار ہیں، ان سے آگاہ کیا جائے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے کچھ تجاویز دینی تھیں، لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ رات پونے 12 بجے بھی فون کرکے جواب دینے کا کہا تاکہ موجودہ صورتحال سے بچا جا سکے، تاہم کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ وزیر داخلہ کے مطابق وزیراعظم کی مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات ہوئی، لیکن وہاں سے بھی کوئی جواب نہیں آیا۔

Related posts

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے بعد پاک فوج تعینات کرنے کا حکم نامہ جاری

گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت ایڈوائزری کونسل کا اجلاس، امن و امان اولین ترجیح

خیبرپختونخوا میں گورنر راج جمہوریت پر شب خون ہے، مولانا فضل الرحمان