پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، صوبے کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی 600 سے 700 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر ایسوسی ایشن کے صدر رحمان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے پرانا ٹھیکہ داری نظام ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت ٹھیکہ داری نظام کا خاتمہ کرکے عوام کو مہنگی گیس سے نجات دلائے اور قیمتوں میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
صدر رحمان نے وزیراعظم اور گورنر خیبرپختونخوا سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا نوٹس لیں اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
