چارسدہ (پاک ٹوڈے): چارسدہ میں 5 سالہ بچے کے قتل کا مبینہ ڈراپ سین ہوگیا، پولیس ذرائع کے مطابق بچے کو مبینہ طور پر اس کے 8 سالہ سگے بھائی نے قتل کیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 8 سالہ بچے نے مبینہ طور پر موبائل فون پر ایک پرتشدد گیم دیکھی اور اس میں دکھائے گئے عمل کی نقل اپنے چھوٹے بھائی پر کی، جس کے نتیجے میں 5 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔
پولیس کی جانب سے واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ بچے کی موت کے اصل حقائق سامنے لائے جاسکیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں افسوس اور تشویش کی فضا ہے۔ علاقہ مکینوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کی موبائل فون کے استعمال اور بالخصوص پرتشدد مواد اور گیمز پر نظر رکھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کے بعد واقعے سے متعلق حتمی حقائق سامنے آئیں گے۔
