خیبرپختونخوا میں امن کے لیے سیاسی اختلافات بھلا کر متحد ہوں، گورنر فیصل کریم کنڈی

پشاور (پاک ٹوڈے): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے امن، عوام کے تحفظ اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے متحد ہو جائیں۔

اپنے پیغام میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں امن کے قیام، عوام کی خوشحالی اور صوبے کی ترقی کے لیے فیصلہ کیا ہے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، جبکہ پاک فوج، پولیس، شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دیا جائے اور سب مل کر صوبے میں پائیدار امن قائم کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا ضروری ہے اور سیاسی اختلافات کو صوبے کے اجتماعی مفادات کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے یقین دہانی کرائی کہ عوام کے حقوق کی آواز بننا، ان کے مسائل متعلقہ فورمز پر اٹھانا اور ان کے لیے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صوبے کے حقوق، امن کے قیام اور ترقی و خوشحالی کے لیے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم اس جدوجہد میں انہیں عوام کے تعاون کی ضرورت ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا ہمارا صوبہ ہے، اس کا مستقبل ہمارا مشترکہ خواب اور اس خواب کو حقیقت میں بدلنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے خود کو صوبے کا گورنر ہونے کے ساتھ اس سرزمین کا خادم اور عوام کے حقوق کا محافظ قرار دیتے ہوئے امن اور ترقی کے نئے دور کے آغاز پر زور دیا۔

 

Related posts

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے بعد پاک فوج تعینات کرنے کا حکم نامہ جاری

گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت ایڈوائزری کونسل کا اجلاس، امن و امان اولین ترجیح

خیبرپختونخوا میں گورنر راج جمہوریت پر شب خون ہے، مولانا فضل الرحمان