پشاور (پاک ٹوڈے): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے کوہاٹ اولڈ پولیس لائنز میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن صوبہ ہے اور یہاں کے عوام کی قربانیوں کے باعث ملک کے دیگر حصوں میں امن قائم ہے۔
کوہاٹ میں ہونے والے خودکش حملے کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعے میں پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ صوبائی حکومت اس حملے کی شدید مذمت کرتی ہے اور جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پاکستان کے لیے 80 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، جس کے بعد ملک میں امن کی صورتحال بہتر ہوئی۔ ان کے مطابق صوبے کے عوام آج بھی مسلسل دہشتگردی کا مقابلہ کرتے ہوئے قربانیاں دے رہے ہیں، اس لیے ان قربانیوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف جاری جدوجہد کا فائدہ ملک کے دیگر صوبوں اور اسلام آباد کو بھی پہنچ رہا ہے۔ ان کے بقول صوبے کے عوام فرنٹ لائن پر دہشتگردی کا مقابلہ کر رہے ہیں اور ان کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بعض سیاسی بیانات خیبرپختونخوا کے عوام اور شہداء کے زخم تازہ کرتے ہیں۔ انہوں نے ایک بڑے صوبے کی وزیراعلیٰ کی جانب سے بھارت کے بجائے دیگر صوبوں سے خطرے سے متعلق بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت دیگر صوبوں کے عوام محب وطن پاکستانی ہیں اور ملک کے لیے ماضی میں بھی قربانیاں دیتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا جس سے پاکستانی عوام کے درمیان تفریق، تعصب یا نفرت پیدا ہو۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان متحد رہے گا اور خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیاں ملک کے لیے جاری رہیں گی۔
