لاہور (پاک ٹوڈے): خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی کے باعث پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن ایک بار پھر متاثر ہوگیا، جبکہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سعودی عرب، بحرین، دبئی اور دیگر مقامات کے لیے جانے والی متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوگئیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے جدہ اور ریاض جانے والی 7 سے زائد پروازوں کو سعودی عرب کے دیگر ایئرپورٹس پر اتارا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مجموعی طور پر 21 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ متعدد پروازیں 3 سے 10 گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہیں۔
پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ایئرپورٹس پر مسافروں کو اپنی پروازوں سے متعلق معلومات کے حصول میں بھی دشواری پیش آئی۔
ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی متعلقہ پرواز کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کرلیں تاکہ انہیں غیر ضروری پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
