اسلام آباد (پاک ٹوڈے): حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکرات میں لانگ مارچ ختم کرنے کے معاملے پر نئی رکاوٹ سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی نے مطالبہ کیا ہے کہ پہلے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرائی جائے، جس کے بعد لانگ مارچ کے حوالے سے کوئی اعلان کیا جائے۔ محمود اچکزئی کا مؤقف ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی بھی عمران خان سے ملاقات کرائی جائے تاکہ وہ انہیں مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرسکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر نے محمود اچکزئی کو اب تک ہونے والی بات چیت سے آگاہ کردیا ہے، جبکہ حکومت محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کی عمران خان سے ملاقات کرانے پر آمادہ ہے۔
تاہم محمود اچکزئی کا مؤقف ہے کہ مذاکراتی کمیٹی یا وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے پاس لانگ مارچ واپس لینے کا اختیار نہیں ہے اور اس حوالے سے فیصلہ عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی کیا جانا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق حکومت چاہتی ہے کہ کسی معاہدے سے پہلے لانگ مارچ منسوخ کرنے کا اعلان کیا جائے، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے مؤقف اختیار کیا جارہا ہے کہ پہلے مطالبات پر اتفاق کیا جائے، اس کے بعد لانگ مارچ واپس لینے کا اعلان کیا جائے۔
