بین الاقوامی (پاک ٹوڈے): یمن کے حوثی گروپ انصار اللہ نے سعودی فضائیہ کے ٹائفون جنگی طیارے کو نشانہ بنانے اور ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل حملے کا دعویٰ کیا ہے۔
حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع کے مطابق صوبہ صعدہ کی فضائی حدود میں سعودی جنگی طیارے کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ رأس العارہ اور المضاربہ کے علاقوں میں سعودی افواج کے اجتماعات پر بھی تین بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس کے مطابق ریاض میں فضائی دفاعی نظام کی جانب سے تباہ کیے گئے میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک مقامی شہری زخمی ہوا، جبکہ ایک مکان اور گاڑی کو بھی معمولی نقصان پہنچا۔
حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سعودی جنگی طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں میں 42 فضائی اور میزائل حملے کیے۔ ادھر سعودی آرامکو کی عمارت کو حملے میں نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم نقصان کی مکمل نوعیت کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔