مظفرآباد (پاک ٹوڈے): جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے اہم کور ممبر اور ممتاز رہنما شوکت نواز میر کو گرفتاری کے 50 دن مکمل ہونے کے باوجود عدالت میں پیش نہ کیے جانے پر عوامی ایکشن کمیٹی اور سول سوسائٹی کے حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق شوکت نواز میر کو سیکیورٹی فورسز نے 30 جون کو دھیرکوٹ کے مقام سے حراست میں لیا تھا، تاہم 50 روز گزر جانے کے بعد بھی اب تک ان کی گرفتاری کو باقاعدہ طور پر کسی بھی مقام یا عدالت کے سامنے ظاہر نہیں کیا گیا اور نہ ہی انہیں کسی بھی قانونی فورم پر پیش کیا گیا ہے۔
جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ترجمان نے قانونی اور آئینی حقوق کی اس سنگین خلاف ورزی پر گہرے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی تنظیموں اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شوکت نواز میر کے قانونی و انسانی حقوق کا پاس رکھا جائے اور انہیں فوری طور پر عدالت میں پیش کر کے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے۔