جنوبی وزیرستان لوئر (پاک ٹوڈے): تحصیل توئی خلہ کے علاقے خانکوٹ، زرملن میں کامران شہید پوسٹ پر حملے اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران سیکیورٹی فورسز کے تین اہلکار زخمی ہوگئے، جبکہ ایک گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔
موصولہ مشترکہ رپورٹ کے مطابق واقعہ جمعرات کی صبح پیش آیا، جب مبینہ طور پر حملہ آوروں نے کامران شہید پوسٹ پر فائرنگ کی۔ سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی، جس کے دوران تین اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے وانا ہسپتال منتقل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک گھر پر مارٹر گولہ گرا، جس کے نتیجے میں جلال خیل قبیلے سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچیاں بھی شامل بتائی جاتی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جاں بحق افراد کو ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا، تاہم ہسپتال ذرائع نے زخمیوں اور جانی نقصان سے متعلق اطلاعات کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پوسٹ پر حملے کے دوران حملہ آوروں نے سول آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ ذرائع کے مطابق جوابی کارروائی میں حملہ آوروں کو بھی بھاری نقصان پہنچایا گیا۔
علاقے میں مواصلاتی نظام کمزور ہونے کے باعث واقعے کی مکمل آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔