یمن (پاک ٹوڈے): یمن میں حکومتی افواج کے ساتھ دوبارہ جھڑپوں کے بعد حوثی جنگجوؤں نے جنوبی سعودی عرب کے شارورہ فوجی اڈے کو ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
حوثی فوجی ترجمان یحییٰ ساری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ شارورہ فوجی اڈے پر کیے گئے حملوں میں ہتھیاروں کے ذخائر اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔
حوثی ترجمان کے مطابق مذکورہ مراکز یمن کے خلاف کارروائیوں کی نگرانی اور انتظام کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے۔
تاہم حوثیوں کی جانب سے دعویٰ کیے گئے حملے کی تاریخ اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئیں۔
یہ پیش رفت یمن کی حکومتی افواج اور حوثی جنگجوؤں کے درمیان دوبارہ شروع ہونے والی لڑائی کے دوران سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شہریوں کو اپنے علاقوں سے نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا ہے۔