بھارت نے ویمنز ایشیا کپ جیت لیا، محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار

دبئی (پاک ٹوڈے): بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، تاہم بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی۔

دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ بھارتی اوپنرز شفالی ورما اور سمرتی مندھنا نے 129 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ شفالی ورما نے 68 جبکہ سمرتی مندھنا نے 59 رنز بنائے۔ رچا گھوش نے 17 اور کپتان ہرمن پریت کور نے 14 رنز اسکور کیے۔

سری لنکا کی جانب سے متھالی ایودھیا، چماری اتاپتو اور چمودی پرابودا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 20 اوورز کی آخری گیند پر 111 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ کپتان چماری اتاپتو نے 36 جبکہ نیلاک شیکا سلوا نے 22 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے شری چرانی نے 4 جبکہ دپتی شرما نے 3 وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

فائنل کی تقریب میں اے سی سی کے صدر محسن نقوی مہمان خصوصی تھے، تاہم بھارتی ویمنز ٹیم ٹرافی وصول کرنے کے لیے اسٹیج پر نہیں آئی اور ان سے ٹرافی وصول نہیں کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بھارتی مینز کرکٹ ٹیم نے بھی محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی۔

Related posts

ابھیشک شرما کی دھواں دار بیٹنگ، بھارت نے افغانستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 7 وکٹوں سے شکست دے دی

افغانستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آج سے آغاز

صائم ایوب کو سی پی ایل سے بلا کر ٹیسٹ کھلانا ٹیسٹ کرکٹ کی توہین ہے، ناصر حسین