فخر زمان کی طوفانی سنچری، پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر تین ملکی سیریز جیت لی

لاہور (پاک ٹوڈے): پاکستان نے تین ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کے فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کا 326 رنز کا ہدف حاصل کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔ کامندو مینڈس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 131 رنز کی سنچری اسکور کی، جبکہ پون رتھنائیکے 77 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 146 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف اور نسیم شاہ نے آخری اوورز میں وکٹیں لے کر سری لنکا کو 350 رنز تک پہنچنے سے روک دیا۔

326 رنز کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور معاذ صداقت 5 جبکہ بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر فخر زمان اور سعد بیگ نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان اہم شراکت نے پاکستان کو ہدف کے قریب پہنچا دیا۔

فخر زمان نے 83 گیندوں پر 127 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جس میں 12 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، جبکہ سعد بیگ نے 74 رنز بنائے۔ فخر زمان کی وکٹ 220 کے مجموعی اسکور پر گری، جس کے بعد سلمان علی آغا بھی 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اختتامی مرحلے میں حسن نواز اور ارافات منہاس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی جیت کی راہ ہموار کی۔ ارافات منہاس نے 61 رنز کی اہم اننگز کھیلی اور آخری اوورز میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا۔

یوں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر ہوم گراؤنڈ پر تین ملکی ون ڈے سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

Related posts

رشکئی انٹرچینج کے قریب ہائی ایس الٹ گئی، 3 افراد جاں بحق، 14 زخمی

فخر زمان کی دھواں دھار سنچری، 99 گیندوں پر 127 رنز بنا کر چھا گئے

اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ، خصوصی میڈیکل ٹیم پہنچ گئی