بلوچستان: آل پارٹیز کی کال پر صوبہ گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری

حمید سمسور | کوئٹہ، پاک ٹوڈے

آل پارٹیز کی کال پر بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔ تاجر تنظیموں اور سیاسی جماعتوں نے ہڑتال کی مکمل حمایت کی ہے۔

آل پارٹیز کانفرنس کی جانب سے حکومتی نظام کی ناکامی، بگڑتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور سنگین معاشی چیلنجز کے خلاف ہڑتال کی جا رہی ہے۔

کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں دکانیں اور مارکیٹیں بند

کوئٹہ مرکزی انجمن تاجران کے مطابق صوبہ گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کوئٹہ سمیت ژوب، نوشکی، مستونگ اور دیگر شہروں میں بھی جاری ہے۔ اس دوران دکانیں، مارکیٹیں اور تجارتی مراکز بند ہیں۔

تاجروں نے اپنی مرضی سے کاروبار بند رکھا

کوئٹہ کے تاجر رہنما عبدالرحیم کاکڑ نے پاک ٹوڈے کو بتایا کہ آل پارٹیز کی اپیل پر ہڑتال کی جا رہی ہے۔ دکانداروں نے اپنی مرضی سے ہڑتال میں تعاون کرتے ہوئے تجارتی سرگرمیاں معطل کر رکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف شہروں میں تجارتی مراکز اور مارکیٹیں سنسان پڑی ہیں، جب کہ سیاسی جماعتوں نے بھی ہڑتال کی کال کی مکمل حمایت کی ہے۔

حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہی، آل پارٹیز کا دعویٰ

آل پارٹیز نے موجودہ حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں بدامنی، قومی وسائل پر قبضے، سرحدی تجارت کی بندش اور گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف ہڑتال کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے آئینی اور قانونی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں، جب کہ مختلف شعبوں میں حالات مسلسل بگڑتے جا رہے ہیں۔

6 نومبر کو ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا

یاد رہے کہ آل پارٹیز نے 6 نومبر کو صوبہ بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا تھا۔

Related posts

معروف گلوکارہ شازیہ منظور کے گھر پر مسلح افراد کا حملہ، قبضے کی کوشش کا الزام

صومالیہ کا اماراتی سفیر کو 72 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم، اپنا سفیر بھی واپس بلا لیا

انٹربینک میں ڈالر سستا، اوپن مارکیٹ میں مہنگا ہوگیا