واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکا نے برطانیہ کے رائل ایئر فورس فیئرفورڈ ائیربیس سے اپنے تمام B-1 بمبار طیارے واپس امریکا منتقل کردیے ہیں۔
امریکی محکمہ دفاع کے ایک عہدیدار کے مطابق فیئرفورڈ ائیربیس پر حملے کی مبینہ منصوبہ بندی کے شبہے میں 5 افراد کی گرفتاری کے بعد طیاروں کی واپسی عمل میں آئی۔
امریکی عہدیدار نے بتایا کہ آپریشنل سیکیورٹی کے باعث فوجی اثاثوں اور اہلکاروں کی نقل و حرکت کی بروقت تصدیق ممکن نہیں تھی، تاہم اب تصدیق کی جاسکتی ہے کہ فیئرفورڈ میں تعینات تمام امریکی بمبار طیارے امریکا میں موجود اپنے اڈوں پر واپس پہنچ چکے ہیں۔
عہدیدار کے مطابق B-1، B-2 اور B-52 بمبار طیاروں کے فضائی عملے دنیا میں کہیں بھی مقررہ اہداف کے خلاف کارروائی کے لیے تیار ہیں، جبکہ امریکی سرزمین سے پرواز کرکے مشن مکمل کرنے کے بعد واپس آنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔
دوسری جانب فیئرفورڈ ائیربیس کے قریب سے گرفتار کیے گئے 5 افراد کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔ برطانوی تفتیش کاروں کے مطابق ملزمان کی وینز سے پیٹرول ملا تھا تاہم کوئی دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔ واقعے کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔
ایران نے فیئرفورڈ ائیربیس پر مبینہ حملے کی منصوبہ بندی میں کسی بھی قسم کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
واضح رہے کہ فیئرفورڈ ائیربیس پر تقریباً ایک درجن امریکی B-1 بمبار طیارے تعینات تھے، جنہیں ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں میں استعمال کیا گیا تھا۔
