گوادر (پاک ٹوڈے): بلوچستان کے ضلع گوادر میں پاک ایران سرحد کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) کے 4 ملازمین ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ جمعے کے روز گوادر کی تحصیل جیونی سے تقریباً 60 کلومیٹر دور پاک ایران سرحد پر بارڈر پوسٹ نمبر 250 کے قریب پیش آیا۔
پولیس افسر کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے ایک پک اپ گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چاروں افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں مصطفیٰ ولد ریاض حسین، ضلع شیخوپورہ کے 34 سالہ صنم مسیح ولد سلیم، کوئٹہ کے ٹیچر کالونی، نواں کلی کے 36 سالہ کنول شہزاد ولد دلشاد احمد اور ضلع کرک خیبرپختونخوا کے علاقے غنڈی کلی، تخت نصرتی کے 26 سالہ دانش اقبال ولد فلک ناز شامل ہیں۔
ہلاک افراد کی لاشیں پولیس نے گوادر کے جی ڈی اے اسپتال منتقل کردی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ایک موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر حملہ آوروں سے رہ گئی۔ موٹرسائیکل کو تحویل میں لے کر واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
گوادر اور اس سے متصل علاقوں میں گزشتہ کئی برسوں سے غیر مقامی افراد اور سیکیورٹی اہلکاروں کو مختلف حملوں میں نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی گوادر میں غیر مقامی مزدوروں اور کارکنوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پیش آچکے ہیں، جن کی ذمہ داری ماضی میں کالعدم بلوچ شدت پسند تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں۔
تاہم تازہ واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔