اسلام آباد (پاک ٹوڈے): نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے جعلی خبروں اور ریاست مخالف پروپیگنڈا کی روک تھام کیلئے خصوصی یونٹس قائم کردیئے ہیں، جبکہ سائبر اسپیس کی نگرانی کیلئے تمام ریجنز میں سائبر پیٹرولنگ یونٹس بھی فعال کردیئے گئے ہیں۔
این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق یہ اقدامات ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی کے پنجاب کے تمام سرکلز کے 5 روزہ دورے کے دوران کیے گئے جائزے کا حصہ ہیں۔ دورے کے دوران ڈی جی نے مختلف رپورٹنگ سینٹرز، پولیس اسٹیشنز اور دفاتر کا معائنہ کیا جبکہ 500 سے زائد شکایت کنندگان سے براہ راست ملاقاتیں بھی کیں۔
ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نے شکایات کے اندراج اور تصدیق کے نظام کو عوام دوست بنانے اور عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ این سی سی آئی اے نے جعلی خبروں اور ریاست مخالف پروپیگنڈا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے جبکہ میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
دورے کے دوران سائبر کرائم کے متاثرین کو بروقت انصاف کی فراہمی، شفافیت اور میرٹ پر مبنی تحقیقات پر بھی زور دیا گیا۔ افسران کو شکایات اور مقدمات کے نمٹانے، ریکارڈ کی بہتر دیکھ بھال اور مجموعی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈی جی این سی آئی اے نے مختلف سرکلز کے زیر التوا شکایات و مقدمات، انویسٹی گیشن برانچ، کمپلینٹ سیل، ایف آئی آر برانچ، ریکارڈ مینجمنٹ اور دیگر انتظامی و پیشہ ورانہ امور کا بھی جائزہ لیا۔